عاقب رحیم بن محمد رحیم

پیارے آقا ﷺ کا فرمان ہے:

أَحَبُّ الأعمالِ إلى اللهِ أدْومُها و إن قَلَّ°

 ”اللّٰهﷻ کے ہاں محبوب ترین عمل (کام) وہ ہے جو دوام (ہمیشہ) سے ہو اگرچہ تھوڑا ہو“ ( بخاری شریف)

آپ کی کامیابی ناممکن نہیں مگر مشکل بلکہ انتہائی مشکل ضرور ہے اگر آپ مستقل مزاج نہیں۔

اس لیے کہا جاتا ہے کہ ”استقامت میں کرامت ہے“ چھوٹے چھوٹے مگر مسلسل قدم لینے سے آپ ایک مقام پر ضرور پہنچ جائیں گے ، لیکن اگر آپ ایک کام شروع کرتے ہیں، کچھ دن جوش وخروش سے جاری رکھتے ہیں اور پھر چھوڑ دیتے ہیں تو آپ کہیں نہیں پہنچ سکتے!

 کامیابی کے لیے مستقل مزاجی شرط ہے اس لیے آج سے یہ تین اہم اور آسان کام شروع کیجیئے:

 

پہلا کام:

اپنے کمرے اور موبائل میں کسی سامنے والی جگہ پر یہ جملہ لکھ کر لگا دیں کہ ”میں نے مستقل مزاج بننا ہے۔“

جب بار بار اس جملے پر آپ کی نظر پڑتی رہے گی تو یہ مستقل مزاجی کا احساس آپ کے لاشعور میں بیٹھ جائے گا ، اور جب کوئی بات انسان کے لاشعور میں بیٹھ جاتی ہے تو وہ انتہائی آسان ہوجاتی ہے۔

 

دوسرا کام:

اپنے ہر اہم کام کیلئے موبائل میں الارم سیٹ کر لیں ، جیسے ہی وہ الارم بجے ، فوراً وہ کام بغیر کسی تاخیر کے کرلیا کریں، تقریباً تین ہفتے یا ڈیڑھ ماہ ایسا کرنے سے وہ کام آپ کی عادتِ ثانیہ اور طبیعت کا حصہ بن جائے گا ، اور پھر وہ آپ سے خود بخود ہوا کرے گا ، بھولے گا نہیں اور کرنا آسان بھی ہوگا۔ ان شاء اللہ

 

تیسرا کام:

بعض اوقات طبیعت کی خرابی کی وجہ سے کسی دن کوئی مخصوص کام کرنا مشکل ہوجاتا ہے یا دل نہیں کرتا کام کرنے کا ، بس یہی لمحہ آپ کے مستقل مزاج بننے کا ہوتا ہے

 وہ اس طرح کہ اس وقت آپ اپنے آپ سے ایک بات کہہ لیا کریں کہ

 ” بس آج کرلوں، آج رہ نہ جائے یہ کام“ اور فوراً کام شروع کریں یہ نہ سوچیں کہ بور ہوں یا کوئی ٹینشن ہے وغیرہ۔

 

یہ تین کام آج سے ہی شروع کیجیئے ، اوروں کو بھی سکھائیے ، خود مستقل مزاج بنیں اوروں کو بھی بنائیں۔خود کامیاب انسان بنیں اوروں کو بھی کامیاب بنائیں۔ شکریہ!