مجھ سے آگے ایک خاتون تھیں،جب وہ بالکل امیگریشن ڈیسک کے قریب پہنچیں تو پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں یہ دیکھ کر میں نے بھی آؤ دیکھا نہ تاؤ اور فورا اپنے بند توڑے اور رونا شروع کردیا۔
لطافت
جب میں عمرے سے واپس آرہی تھی تو کئی دن پہلے سے سختی سے تاکید کی جا رہی تھی کہ جتنا رونا ہے ابھی رو دھو لیجیے ائیرپورٹ پر نہیں رونا
میں نے پوچھا بھلا کیوں ائیرپورٹ پر رونے میں کون سا کیچڑ کا خطرہ ہوسکتا ہے؟ آخری لمحات میں تو انسان کو زیادہ ہی رونا آتا ہے۔
اب ہر ہر بات پر رونے والے کو بھلا کس طرح پابند کیا جا سکتا ہے کہ صبح دوپہر شام ہر کھانے کے بعد دو دو چمچ رونا ہے اس کے علاوہ نہیں۔ رونا نہ ہوا دوا ہو گئی ۔ ویسے یہ رونا دوا سے کم ہے کیا !! رب سے رشتے کی مضبوطی کی دوا
خیر کہا گیا کہ ائیرپورٹ پر رونے سے وہ لوگ شک میں پڑ سکتے ہیں اور خدانخواستہ کوئی مسئلہ بن سکتا ہے۔
یہ سن کر میں ڈر ہی گئی اور الرٹ ہوگئی. اب میں نے ائیرپورٹ پر بہت بہت مشکل سے رونا روکا ہوا تھا مجھ سے آگے آگے ایک خاتون تھیں امیگریشن والی لائن میں
جب وہ بالکل امیگریشن ڈیسک پر پہنچنے ہی والی تھیں تو میں نے دیکھا کہ وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں
الثکلی تحب الثکلی کے مثل
یہ دیکھ کر میں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور فورا اپنے بند توڑے اور رونا شروع کردیا. وہاں ڈیوٹی پر موجود خاتون نے کرسی پر بٹھایا تسلی دی اور بہلانے کے لئے خالص آبِ زم زم دیا
تب مجھے سمجھ آیا کہ بعض چیزیں اتنی خطرناک ہوتی نہیں ہیں جتنی لوگ سمجھتے یا بتاتے ہیں۔
سو جن کا جہاں اور جتنا دل چاہے روئیے خوب روئیے رو رو کر اپنے رب سے ان کے گھر واپس بلاوے کی درخواستیں کیجیے. اپنی عبادات کی قبولیت کی دعا کیجیے امت کی بھلائی کی دعا کیجیے سارے بند توڑ کر روئیے.
اور ہاں ٹشو پیک وہاں بہت سستا ہے اس لیے بے فکر ہوکر جی بھر کے روئیے۔