تحریر: آصفہ عنبر قاضی

انتخاب : حنا سہیل

 ٹوٹکے  پوچھنا خواتین کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ فیس بک کی بدولت ایسے گروپ بن گئے ہیں ،جہاں خواتین  مسائل کا حل تلاش کر لیتی ہیں۔  لیکن بعض بھولی خواتین ایسے سوال کرتی ہیں جن پر صدقے واری ہونے کو دل کرتا ہے۔

 " بہنو! ابھی مٹر چھیلے دانے بہت ہی چھوٹے نکلے ہیں،کیا کروں؟

  اب مٹروں کو برائلر کے ٹیکے، کمپلان یا نیڈو پلانے سے تو رہے، لیکن بہنیں سارے کام چھوڑ کے مٹروں کو موٹا تازہ کرنے کے لیے سر جوڑ کے بیٹھ جاتی ہیں۔

 اکثر سوالوں کے جواب آ نے کے بعد بھی سب نے باجماعت وہی بات دہرانی ہے، جو ایک سیانی بتا چکی ہوتی ہے ۔

کچھ اسی قبیل کے سوالات ملاحظہ کیجیے

∆میرے کُکر کی سیٹی بدل گئی ہے ، کیا کروں؟ پہلے سی سی سی کرتی تھی، اب سُوووووں سُوووں کرتی ہے؟

* نظر کا دم کرائیں بہن، سیٹی کو دو دن ٹریفک وارڈن کے پاس رکھوائیں۔

* سالن ہنڈیا میں بنائیں اور خود ساتھ سیٹی بجاتی رہیں، ککر والی فیلنگ آئے گی ۔

* ہمارے ککر کو بھی یہی مسئلہ تھا، ساس نے اس میں دیسی کُکڑ بنایا تب سے سیٹیاں نہیں اذانیں دیتا ہے۔

* جزاک اللہ بہنو!!!!

∆پرسوں میرے بھائی کی شادی ہے اور میں نے غلطی سے ناخن کاٹ لیے ہیں، جلدی بتائیے میں کیا کروں ( ناخن نہ ہوئے نس ہوگئی)

جوابات: 1مجھ سے بھی یہی ہوا تھا ، بھائی کی شادی ایک ماہ کینسل کرادیں۔

2:دستانے پہن لیں بہن، یا منہ میں انگلیاں داب کے رکھیں۔

3: ناخن تو حرام ہیں بہن، توبہ توبہ، دوزخ میں جلیں گی آپ تو۔۔

4 صمد بونڈ سے دوبارہ جوڑ لیں

شکریہ بہنو!

∆میاں کی شلوار استری کر کے ہینگر پر لٹکائی تو وہ گر جاتی ہے، بہنیں حل بتائیں۔

*ہینگر پہ لگا کے استری کریں۔

میاں کو؟

نہیں  بہن، شلوار کو

* ناڑا ڈال کے ہینگر پہ لٹکائیں، اور میاں سے کہیں ہینگر کو ساری رات پکڑ کے رکھیں۔

* استری کر کے تار پہ لٹکا دیں

* شکریہ بہنو! آپ نے میری مشکل حل کر دی۔

∆مہمان آئے ہیں لیکن چاول زیادہ گل گئے،جلدی حل بتائیں۔

* ایک گلاس پانی ڈال کے ملیدہ بنا لیں، روٹی کے ساتھ پیش کریں۔

* چالوں کو کونڈے میں کوٹ کے ان کی پنیاں بنالیں اور کوفتوں کی طرح مسالے میں ڈال لیں۔

∆میں سیدھی لیٹوں تو الٹی ہو جاتی ہوں، الٹی لیٹوں تو سیدھی ۔۔۔۔بتائیے کیا کروں؟

* آڑھی یا ترچھی لیٹیں

*الٹی کی دوائی لیں

* میری تائی کو یہی مسئلہ تھا۔ ایک عطائی نے دوا بتائی۔ اب فالج کے بعد ٹھیک ہو گیا ہے۔ نسخہ انباکس کر دیا ہے۔

∆مجھے ہچکی لگی ہے ، فوراً روکنے کا طریقہ بتائیں، پلیز

* بادیان کے بیج لیں( پنساری سے مل جائیں گے) پپیتے کا رس نکال کر پھینک دیں، دو چٹکی میٹھا سوڈا اور ایک مٹھی سرف میں بادیان بھون لیں اور پلاسٹک کی شیشی میں محفوظ کر لیں، جہاں پر آپ نے پپیتے کا رس پھینکا تھا وہاں سے سلپ ہونے کے بعد ہچکی ٹھیک ہو جائے گی۔