ہر رشتے کی اپنی جگہ ہے جیسے کہ باپ کی اپنی جگہ ہے لیکن وہ ماں کی جگہ نہیں لے سکتا، اسی طرح ماں کا اپنا مقام ہے مگر وہ باپ والا کردار ادا نہیں کر سکتی۔ ہر بچے کی زندگی کو سنوارنے میں ماں باپ کے ساتھ ساتھ دادی ، دادا ،پھو پھو چاچا اور نانی ،نانا ،ماموں، خالہ کا ایک اہم کردار ہوتا ہے
روبینہ قریشی
کبھی کبھی مجھے اپنے بچوں کے لیے دکھ ہوتا ہے کہ انہوں نے کس دورِ پر آشوب میں آنکھ کھولی ۔
ہم لوگوں نے اس دنیا پر بڑے سکون کا وقت دیکھا ۔نانی سے پیارلیا ،خالہ سے کہانیاں سنیں، دادی سے ہررات نماز کا سبق یاد کیا ، پھوپھو سے ڈانٹ کھائی اور چاچو سے لاڈ لیے۔
انسان کی ذہنی ، جسمانی ، روحانی نشو نما کے لیے جہاں خوراک ، رہائش اور باقی لوازمات کی ضرورت ہوتی ہے، وہیں اس کے جذباتی اور نفسیاتی طور پر مضبوط ہونے کے لیے اس کی زندگی میں سارے رشتوں کی گرمی اور محبت بہت ضروری ہے۔ہر رشتے کی اپنی جگہ ہے جیسے کہ باپ کی اپنی جگہ ہے لیکن وہ ماں کی جگہ نہیں لے سکتا، اسی طرح ماں کا اپنا مقام ہے مگر وہ باپ والا کردار ادا نہیں کر سکتی۔یہ درست ہے کبھی کچھ حادثات میں ایسا ہوجاتا ہے کہ کسی ایک فریق کو دوسرے فریق کا کردار ادا کرنا پڑ جاتا ہے لیکن ایک عمومی جائزہ لیں تو ہر کردار کی انسان کی زندگی میں اپنی جگہ اور اپنا مقام ہوتا ہے۔اسی طرح ہر بچے کی زندگی کو سنوارنے میں ماں باپ کے ساتھ ساتھ دادی ، دادا ،پھو پھو چاچا اور نانی ،نانا ،ماموں، خالہ کا ایک اہم کردار ہوتا ہے۔
آج کے دور میں اس بات پر غور کر کے بہت کم لوگ ہیں جو ان رشتوں کی اہمیت کو سمجھیں یا باقی لوگوں کو سمجھائیں۔
ہمیشہ کچھ پانے کے لیے کچھ کھونا پڑتا ہے۔اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے بچوں کو ان کے مخلص رشتوں کی نرمی اور گرمی مل سکے تو پہلے ہمیں اپنے اندر صبر، برداشت، درگزر کا مادہ پیدا کرنا ہو گا۔
لیکن افسوس یہ ہے کہ آج کے دور کے والدین ، میڈیا اور بزرگ ۔۔۔۔۔سب اپنے فرائض سے غافل ہیں۔
ایسے میں ایک دن ایک فورم " ہم نشیں ،، کے نام سے نظر سے گزرا تو حیرت ہوئی کہ یہ لوگ بڑے خلوص کے ساتھ ہر نشیمن کو آباد کرنے کے لئے پرخلوص کوششیں کررہے ہیں۔
ماشاء اللہ یہ لوگ گھروں کو آباد کرنے، ایک دوسرے کی غلطیوں سے درگزر کرنے اور بچوں کو صحت مند ماحول میں پروان چڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔
فی زمانہ جب لوگ نفسا نفسی کے عالم میں مبتلا ہیں میں بہت فخر اور خوشی سے کہوں گی کہ ابھی دنیا پر ایسے لوگ، ادارے اور فورم موجود ہیں جو گھروں کو آباد رکھنے اور بچوں کے روشن مستقبل کے لیے کوشاں ہیں
شاباش ہم نشیں !!!