جو ہم بھولتے جا رہے ہیں

انتخاب : فہمیدہ ریاض

گُزَشتہ بَرَس اکتوبر میں، مَیں نے مشتاق احمد یوسفی کی کتاب ’’آبِ گُم‘‘ سے ایک اِقتِباس نقْل کیا تھا جس میں اُنھوں نے رنگوں کے وہ قدیم نام گِنوائے تھے جو ہماری زبان سے تیزی سے مَتروک ہو رہے ہیں۔

یوسفی صاحب نے لکھا تھا،

"افسوس! ہمیں اِحساس نہیں کہ ہمارے ہاں رنگوں کے قدیم اور خوب صورت نام بڑی تیزی سے مَترُوک ہو رہے ہیں۔ کَل اِنھیں کون پہچانے گا۔"

 

"شَنگرَفی، مَلاگیِری، عُنابی، کپاسی، کبُودی، شُتُری، زَمَرُّدی، پیازی، قِرمِزی، کاہی، کاکریزی، اَگرئی، کاسنی، نُقرَئی، قَناوِیزی، موتیا، نِیلوفَری، دھانی، شَربَتی، فالسئی، جامنی، چمپئی، تربوزی، مٹیالا، گیروا، مونگیا، شہتوتی، تُرنجی، انگوری، کِشمِشی، فاختئی، پستئی، شَفتالُو، طاؤسی، آبنُوسی، عُودی، عَنبری، حِنائی، بنفشئی، کُسمبری، طُوسی، صُوفیانہ اور سُوقیانہ"

"ہم نے اپنے لفظ خزانے پر لات ماری سو ماری، اپنی دھرتی سے پُھوٹنے والی دَھنَک پر بھی خاک ڈال دی۔"

 ہمارے ایک دوست نے فرمائش کی کہ ان رنگوں کے ناموں کی لُغَت بھی پوسٹ کی جائے۔ اب یوسفی صاحب تو حیات ہیں نہیں کہ ان سے رُجُوع کیا جائے، چنانچہ مَیں نے ہی ایک رات کالی کر کے کِسی طرح ان رنگوں کے ناموں کی فرہنگ تیار کی جو اس اُمید پر پیش کر رہا ہوں کہ شاید ہم ان ناموں کو دوبارہ اپنی لُغَت میں شامل کر کے اپنے اس قیمتی وَرثے کو کم از کم اپنی نئی نسلوں کے سُپُرد کر جائیں۔ مَیں نے کچھ ایسے رنگوں کو اس فرہنگ میں شامل نہیں کیا ہے جِنھیں ہم اب بھی پہچانتے ہیں۔

یہاں اس بات کو بھی ذہن میں رکھنا ضَروری ہے کہ ہر رنگ کے اپنے شیڈ بھی ہوتے ہیں اس لیے کِسی ایک نام کے ساتھ صرف اس کے ایک ہی شیڈ کو مخصوص نہیں کیا جا سکتا۔

 

Vermilion

شَنْگْرَفی: سُرخ، خوب لال، شنجرفی۔

شَنجرف، گہرے سرخ رنگ کی ایک مَعْدنی شَے جو مصوّری اور نقاشی میں کام آتی ہے اور دوا کے طور پر بھی استِعمال کی جاتی ہے۔

 

Sandalwood colour

مَلاگیِری: جوگیا، گیروا، صَندَل کا رنگ۔

ملاگیر: صَندَل کی قسم کی ایک لکڑی جسے پِیس کر سُرخی مِلا کر اس میں کپڑے (خصوصا ً دوپٹے) رنگتے ہیں جو خوشبودار بھی ہوتے ہیں۔

 

Sapphire Blue

کَبُودی: نیلا، نیلگوں۔

کبودی، نیلم یا sapphire جیسے گہرے نیلے رنگ کو کہا جاتا ہے۔ اِس کی اصل یہ ہے کہ فارسی میں نیلم کو یاقوتِ کبود کہا جاتا ہے۔

 

Light Brown

شُتُری: شُتر (اونٹ) کے رنگ کا، ہلکا بُھورا، بادامی۔

 

Emerald Green

زُمُرُّدی: زمرد کے رنگ کا، سبز رنگ کا۔

 

Crimson Red

قِرمِزی: گہرا سُرخ۔

 

Grass Green

کاہی: گہرا سبز۔

 

Dark Purple

کاکریزی: سیاہی مائل اُودا رنگ، گہرا اُودا رنگ۔

 

Aloe wood

اَگرئی: گہرا کِشمِشی رنگ، زردی مائل یا بھورا رنگ، اَگر کے رنگ کا۔

 

Lilac

کاسنی: سرخی مائل نیلا، بنفشی، ہلکا اُودا، سوسنی رنگ۔

قَناویزی: غالباً سرخ رنگ کا۔ قَناویز دراصل سِلک کا ایک قسم کا کپڑا ہوتا تھا جو عموماً سرخ رنگ کا ہوتا تھا۔ اس قسم کا کپڑا اب نہیں بُنا جاتا۔

 

colour of Blue Water-lily

نیلوفری: گہرا نیلا۔

 

Light Green

دھانی: سبز دھان کے رنگ کا، ہلکا سبز۔

 

Orange or Pale Yellow

شربتی: ہلکا زرد رنگ جو کسی قدر سُرخی مائل ہو۔

 

Yellow, Golden, Orange

چَمپئی: ہلکی زردی یا سنہرا پَن لیے ہوئے۔

مِٹیالا: مٹی کے رنگ کا، خاکستری، بُھورا۔

 

Red Ochre

گیروا: گیرو کے رنگ کا، جوگیا رنگ کا۔

 

Green

مونگیا: مونگ کے رنگ کا، سیاہی مائل سبز رنگ کا۔

 

Citron or Orange coloured

تُرَنجی: نارنجی رنگ کا، سرخی مائل زرد۔

 

of Peach colour

شفتالوی: سیاہی مائل سرخ رنگ کا۔

آبنوسی: کالا، سیاہ۔

 

of the colour of Ambergris

عَنبَری: سیاہی مائل بھورے یا گہرے سرمئی رنگ کا، عَنبَر کے رنگ کا۔

حِنائی: مہندی کے رنگ کا، زردی مائل سُرخ۔

 

Violet

بنفشی: بنفشئی، پھیکا نیلا رنگ۔

 

Safflower

کُسمبری: کُسُمبی یا کُسُمبھی، سرخی مائل گہرا نارنجی رنگ، کُسُمب یا کُسُمبھ سے بنایا گیا رنگ۔

 

Purple

طُوسی: ایک قسم کا بینگنی رنگ۔

 

صوفیانہ: سادہ یا ہلکا رنگ۔

 

سوقیانہ: بازاریوں کا سا، عامیانہ۔

 

(بہ شکریہ : دوست محمد خان)