چھوٹی نے خالہ کو آواز دی اور گلاس انہیں تھما دیا ۔ خالہ نے ایک گھونٹ بھر اور پھر غٹا گٹ پیتی چلی گئیں ۔ ایک گلاس کے بعد چھوٹی نے انہیں ایک اور گلاس آفر کیا ، خالہ نے شکریہ بیٹی کہہ کر گلاس تھام لیا۔اتنی میں امی اور میں گھر واپس آگئے ۔ خالہ گلاس تقریبا ختم کرچکی تھیں

سطوت جہاں آراء

ہماری بڑی خالہ اور اسٹرابیری میں اللہ واسطے کا بیر تھا، کوئی ان کے سامنے اسٹرابیری کا نام تو لے کر دیکھے، ایسی جھاڑ پلایا کرتیں  کہ  بندہ چوکڑیاں بھرنا  تو کیا بات کرنا ہی بھول جائے ۔

چھوٹی ان کو اکثر اسٹرابیری کا نام لے لے کر چھیڑا کرتی تھی ۔ پھر  ایک دن بڑی عجیب بات ہوئی ۔ بڑی خالہ ایسے وقت ہمارے گھر آئیں ، جب گھر میں چھوٹی کے علاوہ کوئی نہیں تھا ۔  امی مجھے لے کر محلے میں ہی  اپنی بچپن کی دوست (بشری خالہ)  کی مزاج  پرسی کے لیے گئی ہوئی تھیں ۔ابا اور بھائی کام پر گئے ہوئے تھے ۔ بڑی بہن سلائی سینٹر میں تھیں ۔بڑی خالہ صحن میں بڑے سے نیم کے درخت کے نیچے  بچھی چارپائی پر ہی بیٹھ گئیں ۔چھوٹی ان سے حسب معمول نوک جھونک کرنے لگی ۔ خالہ نے ڈانٹا کہ کم بخت ماری  روح افزا اور لیموں کا شربت ہی پلا دے ۔ تمہاری ماں گھر میں ہوتی تو شربت کا پورا جگ بھر کے میرے سامنے رکھ دیتی ۔ چھوٹی نے معذرت کی اور کہا خالہ جان !میں آپ کو فالسے کا شربت بنادیتی ہوں۔ چھوٹی کو پتا تھا فالسے  بڑی خالہ کی  بھی کمزوری ہیں ، اس لیے بڑا نفسیاتی وار کیا تھا  ، چھوٹی کو یہ بھی پتا تھا کہ خالہ تھکی ہوئی آئی ہیں ۔ تھوڑی دیر بھی اکیلے بیٹھیں گی تو انہیں نیند آلے گی ۔وہ  باورچی خانے میں گئی اور اسٹرابیری کا ملک شیک بنانے لگی ۔ملک شیک بنا کر آئی تو بڑی خالہ کی آنکھ لگ چکی تھی ۔ چھوٹی نے خالہ کو آواز دی اور گلاس انہیں تھما دیا ۔ خالہ نے ایک گھونٹ بھر اور پھر غٹا گٹ پیتی چلی گئیں ۔ ایک گلاس کے بعد چھوٹی نے انہیں ایک اور گلاس آفر کیا ، خالہ نے شکریہ بیٹی کہہ کر گلاس تھام لیا۔اتنی میں امی اور میں گھر واپس آگئے ۔ خالہ گلاس تقریبا ختم کرچکی تھیں ۔

مجھے اور امی کو فورا ہی پتا چل گیا کہ چھوٹی نے خالہ کو اسٹربیری کا ملک شیک پلایا ہے لیکن کیسے ؟ خالہ کو پتا نہیں چلا یا چھوٹی نے انہیں گھیر گھار کے پلایا ۔ خیر  ہم نے ذکر مناسب نہیں سمجھا اورسب باتوں میں لگ گئے ۔ کافی دیر بعد چھوٹی نے بڑی خالہ کے کان میں بڑی راز داری سے کہا خالہ جان ! اسٹرابیری کا ملک شیک کیسا لگا ؟  اب خالہ کی بوکھلاہٹ دیکھنے والی تھی ۔ لیکن وہ دو گلاس پی چکی تھیں اس لیے تھوڑی سی ڈانٹ ڈپٹ کے بعد اسٹرابیری کے ذائقے کی معترف ہوگئیں ۔ در اصل انہیں نے کبھی اسٹرابیری چکھنے کی کوشش ہی نہیں کی تھی، یوں ہی اسے مسترد کرتی رہی تھیں ۔
خالہ کو تو اس کے بعد اسٹرابیری ملک شیک  کا چسکا لگ گیا ہے اب وہ اپنی  کہہ اور فرمائش کر کے ملک شیک بنواتی ہیں ۔ آپ کو کو اگر اسٹربیری سی چڑ ہو تو ایک بار اس کا ملک شیک ضرور پیجیے ! اور آئیے لگے ہاتھوں آپ کو اسٹرابیری کے کچھ فائدے  بھی گنوادیے جائیں ۔پہلے یہ نوٹ کر لیجیے کہ ماہرین بتاتے ہیں کہ اسٹرابیری کا تعلق گلاب کے خاندان سے ہے۔

٭صحت اور توانائی کے لیے اسٹرابیری کھانا مفید ہے ۔

٭ یوں تو اس کا ذائقہ بھی بہت اچھا ہوتا ہے لیکن اس میں  غذائیت بھی بھر پور مانی گئی ہے

٭جلد نکھارنے کے لیے مفید ہے، اس لیے خواتین زیادہ ذوق شوق سے کھا سکتی ہیں ۔

٭قوت مدافعت میں اضافے کے لیے مفید ہے۔٭آنکھ پہ ورم اور جلن ہو تو اسٹرابیری آنکھ پر رکھنے سے سوجن دور ہوتی اور سکون ملتا ہے٭ مسوڑھوں کی مضبوطی کے لیے اسٹرابیری بہت کارآمد ہے ۔ اس کو لگانے کے چند منٹ بعد گرم پانی سے کلی کرلینی چاہیے  ۔