رشیدہ (رشتے والی) نے فیضان کے لیے ایک بہت اچھا رشتہ بتایا ہے،لڑکی بہت اچھی اور پڑھی لکھی ہے لیکن غریب لوگ ہیں،رشیدہ کہہ رہی تھی رشتہ آسانی سے ہوجائے گا، میں تو یہی کہتی ہوں کہ؛ فیضان کی شادی کر دیتے ہیں۔۔۔
ماہم ناز کراچی

فرحان صاحب غضبناک انداز میں اپنے بیٹے فیضان پہ گرج رہے تھے۔ کتنا سمجھایا ہے تمہیں فیضان! تمہیں کیوں سمجھ نہیں آتا؟
" جوا کھیلنا حرام ہے۔"
الله نے اس سے منع فرمایا ہے۔ "مجھ سے نہ سہی، الله سے ہی ڈر لو! جوان بہنیں ہیں، گھر میں کبھی سوچا ہے؟ رشتے کیسے ہوں گےان کے؟الله نے ایک بیٹا دیا ہے وہ بھی ایسا۔" شاکرہ بیگم بیچ میں آتے ہوئے :"ارے ! بس اب چھوڑ بھی دیجیے میرے بیٹے کو، ہر وقت ڈانٹے رہتے ہیں۔" "فیضان! بیٹا تم اندر کمرے میں جاؤ۔ "
(شاکرہ بیگم نے شوہر کوتخت پر بٹھاتے ہوئے کہا: اور آپ فرحان صاحب یہاں بیٹھیں اوراطمینان سے میری بات سنیں: "رشیدہ (رشتے والی) نے فیضان کے لیے ایک بہت اچھا رشتہ بتایا ہے،لڑکی بہت اچھی اور پڑھی لکھی ہے لیکن غریب لوگ ہیں،رشیدہ کہہ رہی تھی رشتہ آسانی سے ہوجائے گا، میں تو یہی کہتی ہوں کہ؛ فیضان کی شادی کر دیتے ہیں، ذمے داری پڑے گی تو کمانے بھی لگے گا اور جوا بھی چھوڑ دےگا،آپ کا کیا خیال ہے؟" " ہاں بیگم! یہ تو بہت اچھا خیال ہے, میرے پاس بھی تمہارے لیے ایک خوشخبری ہے, ہماری پیاری بیٹی ثنا کے لیے بھی ایک رشتہ آیا ہے۔"
"اچھا! یہ تو بہت خوشی کی بات ہے، جلدی بتائیں لڑکا کیسا ہے؟" " لڑکا بہت اچھا ہے، بالکل اپنے فیضان کی طرح بس جوئے کی عادت ہے، جو بقول آپ کے شادی کے بعد چھوٹ جائےگی ۔"
شاکرہ بیگم آپ یہ کیا کہہ رہے ہیں میں ایسے لڑکے سے اپنی بیٹی کی شادی کروں گی, فرحان صاحب!" "یہی سمجھا رہا ہوں بیگم اپنے بیٹے کے لیے کسی اور کی بیٹی لاتے ہوئے تمہاری یہ سوچ کہاں تھی؟"
ہمارے معاشرے کی یہی حالت ہے کہ:" ہم اپنے بگڑے ہوئے بیٹوں کو سدھارنے کا حل ان کی شادی نکال لیتے ہیں،اور اس کے نتیجے میں کتنی معصوم لڑکیوں کی زندگی برباد کر دیتےہیں، یہ بھی تو ایک قسم کا جوا ہے، جو اگر کامیاب ہو گیا تو زبردست اور اگر ناکام ہو گیا تو ساری زندگی بھگتو یا پھر طلاق لو جو ہمارے معاشرے میں غلط سمجھا جاتا ہے،لیکن دین میں تو اجازت ہے کہ اگر دو لوگوں کی نہ بنے تو وہ الگ ہو جائیں، ہمارے دین میں تو اجازت ہے لیکن ہمارا معاشرہ اجازت نہیں دیتا ، شاید صرف اپنی ناک اونچی رکھنے کے لیے ذرا سوچیے۔" شاکرہ بیگم کا چہرہ شرمندگی سے جھک گیا-